ٹیکسوں کا ناہموار نظام بجلی کے زائد بلوں کی وجہ ہے ، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ بجلی ایسا مسئلہ نہیں جس پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے اور ہمیں اس طبقے سے بہت ہمدردی ہے جس پر بجلی بلوں کا بہت بوجھ ہے۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ رات کو دکانیں جلد بند کرنے سے متعلق فیصلہ صوبوں کو اعتماد میں لے کر کریں گے اور فیصلے کا نفاذ جلد نظر آئے گا، بجلی معاملے پر جلدی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے،

ہم ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جو بعد میں واپس لینا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم اس مسئلے کے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حل تجویز کرے گی، یہ نہیں کہا تھا کہ بجلی ایسا مسئلہ نہیں جس پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے، ہمیں اس طبقے سے بہت ہمدردی ہے جس پر بجلی بلوں کا بہت بوجھ ہے۔واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق نے ٹیکسوں کے ناہموار نظام کو بجلی کے زائد بلوں کی وجہ قرار دیا ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت کام طفل تسلیاں دینا نہیں، بجلی بلوں میں اضافے کے ذمہ داران کا تعین تو ہوگا سو ہوگا لیکن سوال یہ ہے کہ آج ان بجلی بلوں کے مسئلے کا حل کیا ہے؟ بجلی کے زائد بلوں میں ٹیکسوں کا ناہموار نظام بھی اس مسئلے کی نشاندہی کررہا ہے اورکسی نے ٹیکس کے اس ناہموار نظام کی توجہ ہی نہیں دی۔علاوہ ازیںنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیرِ اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور قومی ورثہ ثقافت جمال شاہ نے الگ الگ ملاقات کی ہے ،

نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعظم کو اپنی وزارت کے امور کی بابت آگاہ کیا،ملاقات میں آئیندہ مہینے منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس (UNGA 78) میں پاکستان کے مثبت بیانیے کی مؤثر نمائندگی کے لیے ممکنہ حکمت عملیوں پر مشاورت کی گئی،ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر بھی شریک تھے۔قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیرِ قومی ورثہ وثقافت جمال شاہ نے ملاقات کی ہے ،

وزیراعظم کو اپنی وزارت کے امور کے حوالے سے آگاہ کیا اور اہم امور پر اعتماد میں لیا،ملاقات میں پاکستان میں فن اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے ممکنہ اقدامات پر گفتگوکی گئی ،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں فن اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن کے مابین تعاون انتہائی سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔

Leave feedback about this

  • Rating