مسقط ۔ گزشتہ دنوں عُمان میں آٹھ رُکنی پاکستانی تجارتی وفد کے میزبان ممتاز و معروف علم دوست پاکستانی صنعتکار اور پاکستان اسکول صحار کے بانی چوہدری محمد اسلم نے مہمان سینیئر صحافی سید طلعت حسین اور وفد کے ارکان، میاں طاہر جمیل، چوہدری محمد بشارت رندھاوا، محمد عظیم، وقار احمد، تجمل حسین، احمد علی ملک، محمد فہد اسلم اور عمر دراز کے اعزاز میں مٙسقط میں استقبالیہ عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں مہمان اعزازی عُمان میں سفیر پاکستان محمد عمران علی چوہدری، سرکردہ عمانی شخصیات اور بزنس کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی۔

چوہدری محمد اسلم نے اپنا یہ عٙزم دہرایا کہ وہ پاک – عُمان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے پاکستانی اور عُمانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے دو طرفہ دوروں کے سلسلے میں اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔ انھوں نے عُمان میں اپنے خوشگوار طویل قیام اور گہرے مشاہدے کی بنا پر عُمان کی سازگار کاروباری فٙضا اور برادر عُمانی عوام کے حسن اخلاق کی تعریف کی۔ سفیر پاکستان نے وفد کو سفارت خانے کی جانب سے مکمل رہنمائی اور تعاون کا یقین دلایا۔ محمد عمران علی چوہدری نے مزید کہا کہ وہ عُمان میں قیام پزیر ہم وطنوں کی بہتری اور پاک – عُمان دوستی کے مزید استحکام کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
قبل ازیں سید طلعت حسین نے اپنے خطاب میں ملکی ترقی میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے نمایاں کردار اور عُمان میں پاکستانی کمیونٹی کی عمدہ شہرت کی ستائش کی۔ مقررین نے عُمان میں حکومتی جدید کاروباری سہولتوں کی با آسانی فراہمی اور اہل عُمان کے دوستانہ طرز عمل، محمد عمران علی چوہدری کی احسن سفارتی کارکردگی اور عُمان میں چوہدری محمد اسلم کی سنتالیس سالہ گراں قدر قومی خدمات کو سراہا۔ تقریب کا انتظام ممتاز دانشور اور پاکستان اسکولز عُمان کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین امیر حمزہ اور نامور شاعر قمر ریاض نے کیا جبکہ انتظامی معاونت معروف سماجی کارکن سید زیب حسن جعفری اور شاندار بخاری نےکی ۔
Leave feedback about this