پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے،انوار الحق کاکڑ

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عالمی معاہدوں کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے۔ہتھیار نہیں ڈالیں گے یہ ہمار ا اپنا گھر ہے اسے ہم اپنے انداز سے چلائیں گے۔کراچی میں کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کاروباری افراد کے تعاون کی ضرورت ہے۔

تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،ٹیکس کے نتیجے میں محروم طبقات کی خدمت کرنا نصب العین ہے،اگر ہم یہ نصب العین پورا نہیں کرتے تو قوم کے مجرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کو نظر انداز کریں گے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا،مجھے ساڑھے تین لاکھ تنخواہ دی جاتی ہے اور فیصلہ اربوں کا کرایا جاتا ہے۔ توانائی اور خوراک کی کمی کے مسائل کا سامنا ہے تاہم جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت ضروری ہے،تاجر ملک میں فنی تربیت کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں۔ہمیں قدرتی نعمتیں بیش بہا ملی ہوئی ہیں،

ہمارے پاس 6 ٹریلین ڈالرز کے معدنی ذخائر ہیں۔ نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ نگران حکومت کے اختیارات محدود ہیں،نئے پارلیمان کے وجود تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ عالمی معاہدوں کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے۔

Leave feedback about this

  • Rating