یوم آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

پاکستان کے یوم آزادی (14اگست) کو روائتی جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اس سلسلے میں جہاں شہر لاہور کی گلی گلی بازار بازار سٹالز سج گئے ہیں تو وہاں شہر کا نجی سیکٹر بھی جشن آزادی منانے کے حوالے سے کسی سے پیچے نہیں رہا۔ شدید مہنگائی کے باوجود شہر بھر کی مارکیٹوں کے تاجر سجاوٹی اشیا کی خریداری میں پیش پیش ہیں۔

بچے بوڑھے جوان اور خواتین وطن کی محبت سے سرشار ہو کر قومی پرچموں، جھنڈیوں اور دیگر اشیا کی خریداری میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا جشن آزادی سرکاری سطح پر منانے کے لئے تیاریوں کو ختمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت 13 اگست کی رات 12بجے شہر لاہور میں آتش بازی کا بھر پور مظاہرہ کیا جائے گا۔

سرکاری سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ ملی نغموں کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جبکہ پاکستان کے یوم آزادی کی مرکزی تقریب حسب روایت حضوری باغ میں منعقد ہو گی جہاں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ اسی طرح ملک کی سیاسی جماعتیں اپنے اپنے طور پر ملک سے محبت کی خاطر سمینارز منعقد کریں گی اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا

Leave feedback about this

  • Rating