نگران وزیراعلی سندھ کے نام پر جی ڈی اے اور ایم کیوایم میں اتفاق

سندھ میں نگران وزیراعلی کے نام پر جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان میں اتفاق ہوگیا، جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے مزے ختم، سندھ میں پندرہ سالہ سیاہ دور کا خاتمہ ہونے کو ہے، عوام آج یوم نجات منائیں، سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے، ایم کیوایم پاکستان اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ ملکر بنائینگے

سندھ میں ملازمتوں کے نام پر غریب عوام سے وصول کئے گئے پیسے واپس کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم، عرفان اللہ مروت، سید اسمعیل شاہ اور ایم کیوایم رہنما جاوید حنیف ارشد وہرہ اور دیگر نے جمعرات کو فنکشنل لیگ ہاؤس میں اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جی ڈی اے رہنما بیرسٹر حسنین مرزا، ڈاکٹر رفیق بانبھن، عبدالکریم شر، سید مرتضی شاہ، ارشد شر بلوچ، سید خرم شاہ، عرفان راجڑ اور دیگر موجود تھے سردار عبدالرحیم کا مزید کہنا تھا کہ جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان کی طرف سے چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی آج کمیٹی کے ارکان کے درمیان اہم میٹنگ تھی جس میں سیاسی حالات اور نگراں حکومت کے قیام کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے وفاق میں ابھی تک عبوری نام سامنے نہیں آئے وفاق کی سطح پر فیصلہ اور سندھ حکومت کی تحلیل تک نام دینا مناسب نہیں ہے

ہم نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے قومی اسمبلی کے بعد سندھ اسمبلی کو بھی تحلیل ہونا ہے جسکے بعد ہم اپنے ناموں کا باضابطہ اعلان کرینگے انہوں نے کہا کہ انکی کوشش ہے کہ کرپشن کا بازار گرم کریں پیپلزپارٹی نے نوکریوں کی بندر بانٹ لگائی ہوئی تھی ایم کیوایم پاکستان کی درخواست پر حکم امتناعی آیا ہے جس پر ایم کیوایم مبارکباد کی مستحق ہے غریب عوام کو ملازمتوں کے نام پر دھوکہ دیا جارہا تھا سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ ملکر بنائینگے جن افراد سے نوکریوں کے عیوض پیسے وصول کئے وہ فوری واپس کئے جائیں

اطلاعات ہیں کہ انہوں نے کروڑوں اربوں روپے غریب عوام سے بٹورے ہیں سردار عبدالرحیم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے نگراں وزیراعلی اور کابینہ کے ناموں پر اتفاق رائے کرلیا ہیاس بات پر بھی اتفاق رائے کہ پیپلزپارٹی کو کوئی ایڈوانٹیج نہیں لینے دینگے پیپلزپارٹی کو اس مرتبہ آؤٹ کرینگے ہم مشترکہ جدوجہد کرینگے

Leave feedback about this

  • Rating