ایوان بالا میں انتخابات مقررہ مدت میں کرانے کی قرارداد منظور

ایوان بالا میں انتخابات مقررہ مدت کے اندر کرانے کے حوالے سے قرارداد کثرت رائے کی بنیاد پر منظور کر لی ،قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے پیش کی۔بدھ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق احمد خان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے موقع پر انتخابات مقررہ مدت کے اندر کرائے جائیں
یہ ایوان الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا مقررہ مدت کے اندر انعقاد یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور تمام ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا اپنا آئینی فریضہ ادا کرے اس موقع پر وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ مقررہ مدت کے اندر انتخابات الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور آئین میں جو طریقہ کار درج ہے اس کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابات جلد از جلد آئین اور قانون کی روح کے مطابق کرے اس موقع پر اراکین نے قرارداد کثرت رائے کی بنیاد پر منظور کر لیا
اس موقع پر سینیٹر تاج حیدر نے کہاکہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی مدت کے اندر انتخابات نہیں کرائے گا یہ درست نہیں ہے انہوںنے کہاکہ ہم نے حلقہ بندیوں کیلئے ضلعی سرحدوں کو کراس کرنے کی شرط ختم کردی ہے اب حلقہ بندیاں آسان ہوگئی ہیں ہمیں انتخابات مقررہ آئینی مدت کے اندر کرانے کے حوالے سے شقوق و شبہات اس ایوان میں نہیں اٹھانے چاہیے انہوں نے کہاکہ ہمیں بدگمانی سے بچنا چاہیے۔

Leave feedback about this

  • Rating