سائفر تفتیش ،چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک میں نوٹس وصول کرا دیا گیا

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سائفر کے حوالے سے تفتیش کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو زمان پارک میں نوٹس وصول کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے سائفر تحقیقات جاری ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 25 جولائی کو طلب کیا گیا ہے اور اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے زمان پارک میں نوٹس وصول کروادیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو طلبی کا نوٹس وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سی ٹی ڈبلیو ونگ نے وصول کروایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ زمان میں نوٹس وصول کروانے ایف آئی اے کی ٹیم اسلام آباد سے آئی تھی۔یاد رہے کہ ایف آئی اے نے سابق وزیر اعظم کو جے آئی ٹی کے سامنے 25 جولائی کو دن 12 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا اور انہیں متعلقہ دستاویزات اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایف آئی اے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف سائفر کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر تحقیقات جاری ہیں اور ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔نوٹس کے مطابق جے آئی ٹی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سائفر لہرا کر قومی سلامتی اور ریاستی مفادات کو خطرات میں ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔۔

Leave feedback about this

  • Rating