ن لیگ نے امیدواروں کے نام مانگ لئے ، الیکشن مہم کا آغاز کر رہے ہیں ، رانا ثنا


مسلم لیگ (ن)نے انتخابات کیلئے امیدواروں کے نام مانگ لیے۔مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت نے پنجاب انتخابات کیلئے مقامی قیادت سے امیدواروں کے نام مانگے ہیں،صوبائی قیادت نے بہترین امیدواروں کے نام ارسال کرنے کی ہدایت کی،جبکہ مسلم لیگ ن کیلئے فعال کردار ادا کرنے والے کارکنوں کے نام بھی مانگے گئے ہیں۔ذرائع ن لیگ کے مطابق گوجرانوالہ سے 6 قومی اور 14 صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی لسٹ صوبائی قیادت کو ارسال کر دی گئی ہے۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کرے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے متحرک ہونے کا فیصلہ کیاہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس 14مئی کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں طلب کیا۔ پنجاب بھر سے تنظیمی عہدیداروں جن میں ڈویڑنل صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت دیگر شامل ہیں کو اجلاس میں شرکت کے احکامات جاری کئے گئے،ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ تنظیمی عہدیداروں کی مشاورت سے انتخابات کے لیے مضبوط امیدواروں کے چناؤ پر مشاورت کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ را نا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک کو ہر بحران سے نکالا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔ فتنہ خان نے ملک کی سیاست میں زہر بھر ا ، نوازشریف کو سازش کے تحت سزا دیکر ملک کو تباہ کاری کی طرف لے جانے کی کوشش کی گئی ۔ آئندہ عام انتخابا ت میں پنجاب کے ہر حلقے میں شیر کا نشان ہو گا ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وزیر دا خلہ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب باقاعدہ الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے، ن لیگ پنجاب میں ہر حلقے سے الیکشن لڑے گی۔297 صوبائی اور 146 قومی اسمبلی کے حلقوں میں ن لیگ کے امیدوار کھڑے ہوں گے۔ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ڈویڑن، ضلع سے یونین کونسل کی سطح ہماری تنظیم موجود ہے ۔مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے جس نے تخلیق پاکستان سے استحکام پاکستان تک کا سفر کیا ہے ۔

نواز شریف نے 28 مئی 1998 کے ملک کو ناقابل تسخیر بنا کر استحکام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا ۔ہمارا دشمن معاشی طور پر بھی بہت طاقتور ہے ۔مسلم لیگ نے ہر بحران سے ملک کو نکالا جیسے 1999 میں ملک ایٹمی قوت بننے کے بعد ساری دنیا نے بحران پیدا کیا تو نواز شریف نے ملک کو اس سے باہر نکالا۔12 اکتوبر کی مہم جوئی نہ ہوتی تو آج پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک ہوتا اور ملک میں کوئی بیروزگار نہ ہوتا ۔پاکستان جب ایشیئن ٹائیگر بننے جا رہا تھا تو اس سازش کے تحت ملک، مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو سزا دے کر ملک کو بحران میں دھکیل دیا گیا ۔

Leave feedback about this

  • Rating