عام انتخابات سے متعلق پی ڈی ایم جماعتیں متفقہ فیصلہ کریں گی،مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو سکتی،9 مئی کے احتجاج کے دوران ریاستی اداروں پر حملہ کیا، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہائوس پر حملہ ہوگا تو آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا،پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ، انتخابی اتحاد میں ہم زیادہ سے زیادہ علاقائی اور ضلعی سطح پر اتحاد کر سکتے ہیں،موجودہ صورتحال میں کچھ امید پیدا ہوگئی ہے کہ ملک کے حالات بہتری کی جانب جارہے ہیں۔ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ جا کر انکے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عدلیہ کے جانبداری کا مظاہرہ کرنے پر ہم عوامی عدالت میں گئے، ہم نے اسلام آباد میں ریلی نکالی، بڑی تعداد میں لوگ آئے اور عدلیہ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا، ہم عدلیہ کے خیرخواہ ہیں، بدخواہ نہیں ہیں لیکن جمہوریت میں یہی ہوتا ہے کہ ملک کے کسی ادارے کی کارکردگی پر عوام کو اعتراض ہوتا ہے تو وہ اپنی رائے دیتے ہیں جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ٹی ایل پی، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے بھی لانگ مارچ کئے لیکن ایک گملا تک نہیں ٹوٹا ۔پی ٹی آئی نے 9مئی کے احتجاج کے دوران ریاستی اداروں پر حملہ کیا، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہائوس پر حملہ ہوگا تو آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا، یہ ایک نئی صورتحال سے جس کو ماضی کے کسی واقعے سے نہیں جوڑا جاسکتا، آرمی ایکٹ باقاعدہ قانون کا حصہ ہے اور اس کے خلاف اپیل بھی کی جاسکتی ہے۔الیکشن کی تاریخ سے متعلق سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اتفاق رائے سے متفقہ فیصلہ کیا ہے، الیکشن کے حوالے سے بھی ہم متفقہ فیصلہ ہی کریں گے

Leave feedback about this

  • Rating