عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کر دیا گیا ہے ۔ لاہور میں ڈنڈا بردار کارکنوں نے کینال روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا، زمان پارک کا کنٹرول بھی پی ٹی آئی کارکنان نے

سنبھال لیا ہے، ٹھنڈی سڑک اور جیل روڈ کو بھی کارکنان نے ٹریفک کیلئے بند کر دیا، مال روڈ پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

سڑکوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کی مین شاہراہوں کی بندش کے باعث اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، عمران خان نے کوئی گناہ نہیں کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حماد اظہر نے کہا کہ 9 مئی کا دن عمران خان کی گرفتاری کا نہیں بلکہ پاکستان کی آزادی کا دن ثابت ہوگا، اہلیان لاہور لبرٹی چوک پہنچیں، اگلا لائحہ عمل وہاں دیا جائے گا۔

حماد اظہر نے کارکنوں اور عوام سے مطالبہ کیا کہ گھر سے باہر نکلیں کیونکہ اگر آج ہم باہر نہ نکلے تو یہ ملک ہمیشہ کے لیے ان چوروں اور ڈاکوؤں کے حوالے کردیا جائے گا اور دوبارہ یہاں کوئی سر اٹھا کر نہیں جی سکے گا۔

پی ٹی آئی رہنما اظہر صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کا وارنٹ گرفتاری یکم مئی کو جاری کیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نیب عدالت سے اجازت کے بغیر عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، چیئرمین نیب کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنا اختیارات سے تجاوز ہے۔

Leave feedback about this

  • Rating