شرائط پوری کردیں ، اب آئی ایم ایف کا بہانہ نہیں چلے گا ، وزیر اعظم

لاہور (صحافی ۔پی کے نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے 2018 کے انتخابات کو جھرلو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 میں دھاندلی کر کے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے۔ آئی ایم ایف کی کڑی سے کڑی شرائط پوری کردیں اب بہانہ نہیں چلے گا،جس دن آئی ایم سے جان چھوٹی وہ خوشی کا دن ہو گا، ہفتہ کو لاہور میں شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس ہے مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی

موجودہ مہنگائی کی وجہ گزشتہ حکومت کے اقدامات ہیں،آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا مجبوری ہے،آئی ایم ایف کا ٹوٹا پھوٹا معاہدہ ہماریوق جھولی میں ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال آئی ایم ایف کی ہر شرط تسلیم کرنا پڑے گی اس کے علاوہ کوئی حل نہیں،آئی ایم ایف کی شرائط میں سے آخری شرط تھی کہ دوست ممالک سے چند ارب ڈالر لیکر آئیں و ہ شرط بھی پوری کردی اب کوئی بہانہ نہیں چلے گا،سعودی عرب اور یو اے ای نے ہمیں 3 ارب ڈالر دئیے،آرمی چیف،وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ نے اس حوالے سے کوششیں کیں،آئی ایم ایف سے جلد قرض مل جائے گا۔ آئی ایم ایف سے جان چھڑا لیں گے تو وہ پاکستان کیلئے سب سے بڑا خوشی کا دن ہو گا

آئی ایم ایف معاہدے نے لکیریں نکلوادی ہیں ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت میں کئی منصوبے عدم توجہ کے باعث دم توڑگئے،سابق حکومت کو ترقیاتی منصوبوں سے تکلیف تھی اور جان بوجھ کر معاملات کو سبکی میں ڈالا۔موجودہ حالات میں سادگی اپنانا ہو گی،2018 میں نواز شریف کی قیادت میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی،2013 سے 2018 تک پورے ملک اور پنجاب میں ترقی کا سفر جاری تھا۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ لاہور میں نواز شریف کی قیادت میں جو منصوبے بنائے گئے، آنے والی نسلوں کیلئے ہیں،نواز شریف کے دور میں 20،20 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ ختم کی گئی۔نواز شریف کے کاموں کو نظر لگ گئی، ترقی معکوس ہوگئی۔اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی ہے،جانتا ہوں عام بندے کی زندگی تنگ ہے،65ارب روپے کی خطیررقم سے پورے ملک میں 10کروڑ لوگوں تک فری آٹے کی ترسیل ہوئی ہے۔

Leave feedback about this

  • Rating