پاک ایران بارڈر پر ضلع کیچ میں دہشت گردو ں کا حملہ، 4 سیکورٹی اہلکار شہید

فائرنگ سے 4 اہلکار نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید زخموں کی تاب نہ لا پائے اور شہید ہوگئے
پاکستان کا متعلقہ ایرانی حکام سے رابطہ، فوری ایکشن کا مطالبہ،وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت
راولپنڈی(صحافی ۔ پی کے نیوز)بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر پر جلگئی سیکٹر پر دہشت گردوں کی ایرانی حدود سے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ۔ پاکستان کا متعلقہ ایرانی حکام سے رابطہ کرکے فوری ایکشن کا مطالبہ کردیا ۔ٓئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے جلگئی سیکٹر میں پاک ایران بارڈر پر ایرانی حدود سے دہشت گردوں کے ایک گروہ نے پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی، جب سیکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کے سرحدی گشت پر تھے، فائرنگ سے 4 اہلکار نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید شدید زخمی ہوگئے، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا پائے اور شہید ہوگئے، پاکستان کی جانب سے ایرانی حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے، تاکہ ایرانی سرزمین سے پاکستانی علاقے میں فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے اور ایران مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کرے،وطن کی مٹی پرجان دے کر دھشت گردوں کو روکنے والے 37 سالہ نائیک شیر احمد کا تعلق سفید ضلع کوہلو سے جبکہ انکی شہادت نے ان کی بیوہ، تین بیٹوں اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا، 34 سالہ لانس نائیک اصغر علی، کا تعلق کوٹ ادو، ضلع مظفر گڑھ اور سوگواروں میں بیوہ اور پانچ بیٹے شامل ہیں، 22 سالہ سپاہی عرفان اللہ کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے اور ان کے غمزدہ گھرانے میں بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہیں، 24 سالہ سپاہی نرسنگ عبدالرشید، ضلع سوہبت پور اور آپ کی شہادت نے سوگوار والد کو اشکبار چھوڑا ہے۔وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے میں شہید چار سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا گیا ہے ۔وزیرداخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ وطن کے بیٹے اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے جانیں نچھاور کر رہے ہیں، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے، انشااللہ اس ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

Leave feedback about this

  • Rating