پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک ہفتے کے دوران مندی کی لپیٹ میں رہی

100انڈیکس1300سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گئی
کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 212ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
کراچی (صحافی ۔ پی کے نیوز)پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک ہفتے کے دوران مندی کی لپیٹ میں رہی ،کے ایس ای100انڈیکس1300سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گئی اور39900پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوئی ۔کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 212ارب روپے سے زائد ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 63کھرب روپے سے گھٹ کر61کھرب روپے کی پست سطح پر آگیا جبکہ 60.61فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔ملکی سیاسی افق پر بھائی غیر یقینی صورتحال ،روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے ،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر اور معاشی ابتری بڑھنے کے خدشات پر سرمایہ کارتذبذ ب کا شکار ہیں جس کی وجہ سے نئی سرمایہ کاری کا سلسلہ رک گیا ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کا بھی سیاسی عدم استحکام کے خوف سے سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں 23مارچ کی عام تعطیل کے باعث4دن تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ مسلسل مندی کی زد میں رہی اور کے ایس ای100انڈیکس میں1387.9پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 41329.95پوائنٹس سے گھٹ کر39942.05پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 613.49پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 15352.01پوائنٹس سے کم ہو کر14738.52پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27177.35پوائنٹس سے کم ہو کر26424.91پوائنٹس پر آگیا ۔گذشتہ ہفتے مارکیٹ کے سرمائے میں2کھرب12ارب36کروڑ27لاکھ31ہزار721روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 63کھرب روپے 19ارب91کروڑ64لاکھ60ہزار852روپے سے گھٹ کر61کھرب7ارب55کروڑ37لاکھ29ہزار129روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 41390.51پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 39923.10پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تھا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 5ارب روپے مالیت کے 19کروڑ54لاکھ77ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم1ارب روپے مالیت کے 4کروڑ67لاکھ28ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1229کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے399کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،745میں کمی اور85کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے یونٹی فوڈز لمیٹڈ،ورلڈکال ٹیلی کام ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،میپل لیف ،پاک انٹر نیشنل بلک ،دیوان موٹرز ،بینک اسلامی پاکستان ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ ،ہم نیٹ ورک ،سلک بینک لمیٹڈ ،سنرجیکو پاک ،پاک ا لیکٹرون،حیسکول پیٹرول ،فوجی سیمنٹ ،ٹی پی ایل پراپرٹیز ،لوڈز لمیٹڈ ،ٹھٹھہ سیمنٹ ،غنی گلوبل اورمیران بینک سر فہرست رہے ۔

Leave feedback about this

  • Rating