عمران خان نے امریکا پر حکومت بدلنے کا جھوٹ بولا،وزیر اعظم
دس ماہ تک ہیجانی کیفیت پیدا کی گئی اس کا کون ذمہ دارہے؟
نیب نے عمران خان کے کہنے پر مریم کو والد کے سامنے گرفتار کیا،نجی ٹی وی کو انٹرویو
لاہور (صحافی ۔ پی کے نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکا پر حکومت بدلنے کا جھوٹ بولا، دس ماہ تک ہیجانی کیفیت پیدا کی گئی اس کا کون ذمہ دارہے؟، آئی ایم ایف کی کڑی ترین شرائط مان لیں، چند دنوں تک آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے آج تک گرفتاری سے بچنے کی بھرپور کوشش کی، انہوں نے پتا نہیں کیا کیا سہارے ڈھونڈے، ہر جگہ انہیں ریلیف ملتا رہا، رانا ثنا اللہ کو جعلی مقدمے میں گرفتار کیا گیا، نیب نے عمران خان کے کہنے پر مریم کو والد کے سامنے گرفتار کیا، آصف زرداری کی بہن کو چاند رات والے دن گرفتار کیا گیا، میری بیٹیوں کا کسی کیس سے تعلق نہیں ان کے گھر کا گھیراؤ کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، حنیف عباسی کو گرفتار کیا گیا، وٹس ایپ پر رانا ثنا اللہ کے جج کو تبدیل کیا گیا، خواجہ آصف کو سخت سردی میں زمین پر لٹایا جاتا تھا، دوسری مرتبہ گرفتار ہوا تو مجھے دہشت گردوں والی وین میں لے جایا گیا، میں نے پوچھا تو کہا گیا اوپر سے حکم ہے، آج یہ عدالت میں کہتا ہے 70 سال کا بزرگ اور گولی لگی ہے، میں نے کوئی مقدمہ نہیں بنایا قانون حرکت میں آ رہا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کے شواہد تو سٹیٹ بینک نے دیئے، اگر کوئی شہری کوئٹہ جا کر مقدمہ درج کراتا ہے تو مجھ سے تو نہیں پوچھتا، عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ عدالت نے نکالے ہم نے نہیں، عمران خان کو تو ایک سیکنڈ میں ریلیف مل جاتا ہے، عمران خان نے اپنے حواریوں سے مل کر ہمیں دن رات دیوار سے لگانے کی کوشش کی، اگر عمران چوتھائی حصہ بھی معیشت کو دیتے تو حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔

Leave feedback about this