صدر کے اعلان کے بعد حکمران اتحاد سر جوڑ کر بیٹھ گیا، ملاقات میں آئینی، قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا بھی جائزہ، نواز شریف سے بھی مشاورت
الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو پنجاب میں الیکشن کیلئے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی تھیں ، صدر مملکت اور گورنر کے پی کو مراسلہ میں کے پی کے میں الیکشن کے لیے گورنر سے جواب مانگا گیا
صدر مملکت عارف علوی کا دورہ لاہور،عمران خان سے ملاقات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال،پنجاب،کے پی کے میں انتخابات کرانے پر تبادلہ خیال کیا، آج ایک بڑا دن ہے ،آئین کی فتح ہوئی ،پی ٹی آئی
اسلام آباد، لاہور(صحافی ۔ پی کے نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب کے انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کی منظوری دیدی۔صدر مملکت نے پنجاب میں الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کے بعد 30 اپریل کی تاریخ کی منظوری دی ہے۔الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو پنجاب میں الیکشن کیلئے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں صدر مملکت اور گورنر کے پی کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں کے پی کے میں الیکشن کے لیے گورنر سے جواب مانگا گیا ہے۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جمعہ کے دن ایک روزہ دورے پر لاہور آئے صدر مملکت نے لاہور میں قیام کے دوران پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،عارف علوی نے عمران خان سے پنجاب اور کے پی کے میں 90روز کے اندر انتخابات کرانے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد حکمران اتحاد سر جوڑ کر بیٹھ گیا۔ انتخابات سے راہ فرار نہ ملتا دیکھ کر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان وزیراعظم ہائوس پہنچ گئے۔ نواز شریف سے بھی مشاورت کی گئی۔صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے پنجاب اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد وزیراعظم ہائوس میں حکمران اتحاد کے بڑوں کی اہم بیٹھک ہوئی۔ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور امیر جمیعت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اتحادیوں کیساتھ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ حکومتی اتحادیوں نے مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ انتخابات سے متعلق مزید مشاورت اور ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال میں آئینی، قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پی ڈی ایم اور اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کیساتھ بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت معاملے پر جلد موقف دے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایک بڑا دن ہے آج پاکستان کے آئین کی فتح ہوئی ہے،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر تاریخ صدر صاحب کو دیدی ہے،صدر پاکستان نے 30 اپریل کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے، اس سے بھی بڑی خبر ہے کہ ہائیکورٹ نے گرفتار رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے،انسانی آزادی پر کام کرنے والا شخص بہت بڑا انسان ہوتا ہے،اس طرح انسانی آزادی پر کام کرنے والا جج بڑا جج ہوتا ہے،اس پر میں شکر گزار ہوں، گرفتار رہنماؤں نے کوئی جرم نہیں کیا تھا،انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا،رہنماؤں کے ساتھ جیلوں میں بدسلوکی ہوئی، شاہ محمود قریشی کو میڈیسن نہیں دی گئی،کل عمران خان الیکشن مہم کا آغاز کرنے جارہے ہیں وہ کل پہلے جلسے کا اعلان کریں گے،چالیس شہروں میں ویڈیو لنک کے ذریعے مہم شروع ہوگی، اسحاق ڈار کو فوری طور استعفیٰ دینا ہوگا،ان کو ملک پاکستان سے سروکار نہیں ہے،ان کو این آر او سے غرض تھا وہ انکو مل گیا ہے،اب یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، حماد اظہر نے کہا کہ اسحاق ڈار صاحب جنھیں خصوصی طیارے پر پاکستان لایا گیا انکی وجہ سے پاکستان اس وقت ڈیفالٹ کرنے کی سطح پر پہنچ چکا ہے،خواجہ آصف کہتا ہے کہ ملک پاکستان ڈیفالٹ کرچکا ہے،اسحاق ڈار صاحب درست حقائق نہیں بتا رہے ہیں مجھے تو شک ہے اسحاق ڈار نے عوام کو اپنا نام اور تاریخ پیدا بھی درست نہیں بتائی۔

Leave feedback about this