’عوام سابق آرمی چیف کی جانب سے مجرموں کو مسلط کرنے کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں‘عمران

پی ڈی ایم حکومت کے 11 ماہ میں روپے کی قدر 65 فیصد گرچکی ہے، روپے کی بے قدری سےقرضے بڑھ گئے ، مہنگائی 75 سال کی بلند ترین سطح پر ہے
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو دیکھ کر بطور پاکستانی شرمندہ ہوں،محب وطن کو بغاوت کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا،چیئرمین پی ٹی آئی کا ردعمل
اسلام آباد(صحافی ۔ پی کے نیو) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے روپے کی تاریخی گراوٹ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام سابق آرمی چیف کی جانب سے مجرموں کو ملک پر مسلط کرنے کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے 11 ماہ میں روپے کی قدر 65 فیصد گرچکی ہے، روپے کی بے قدری سے ملک پر قرضوں میں 14 ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا اور مہنگائی 75 سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی دوران حراست سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر ردعمل آگیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان نے امجد شعیب کی تصویر شیئر کی ہے اور لکھا کہ ان کو اس طرح دیکھ کر بطور پاکستانی مجھے شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ایک محب وطن پاکستانی کو بغاوت کے الزام میں جیل بھیج دیا ہے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی دوران حراست تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، امجد شعیب 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہیں، ان کو ٹی وی پر مبینہ اشتعال انگیز بیان پر گرفتار کیا گیا ہے۔

Leave feedback about this

  • Rating