پہلے مرحلے میں سینکڑوں کارکنوں کی موجودگی میں سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس گرفتاری دینگے
قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا،رانا ثنا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ
لاہور، اسلام آباد(خبرنگار، سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز کل صوبائی دارالحکومت لاہور سے ہوگا، 2 بجے چیرنگ کراس لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما گرفتاریاں پیش کریں گے۔پہلے مرحلے میں سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس گرفتاری دیں گے، پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر وہاں موجود ہوں گے۔ تحریک انصاف کے جاری شیڈول کے مطابق 22 فروری سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں گے، گرفتاریاں نہ ہونے کی صورت میں کارکنان اور اراکین اسمبلی مقررہ مقام پر دھرنا دیں گے۔شیڈول کے مطابق23 فروری کو پشاور، 24 کو راولپنڈی، 25 ملتان اور 26 فروری کو گوجرانوالہ کے کارکنان گرفتاری دیں گے، کارکنان اور پارٹی رہنمائوں کی جانب سے 27 فروری کو سرگودھا، 28 فروری کو ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں رضاکارانہ گرفتاریاں دی جائیں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ایک ڈرامہ رچانا ہے، تحریک کا مقصد میڈیا کی توجہ، امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔تفصیل کے مطابق ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے آئی جیز شریک ہوئے، اجلاس میں ہوم سیکرٹریز، کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا، قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کر کے عوام کے سامنے لائے جائیں، قانون شکنوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہونا چاہیے، خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔

Leave feedback about this