مریم نواز مستقبل قریب میں وزیراعظم بنتی نظر نہیں آرہیں: کیپٹن (ر) صفدرکی پارٹی پالیسیوں پر کڑی تنقید
حالات کیسے ہی ہوںوفاداری تبدیل نہیں کرنی چاہیے، یہ کیا بات ہوئی کہ عمران خان کے ٹکٹ پر جیت کر ہمارے پاس آجاؤ، میں اس کے خلاف ہوں
ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ پہلے بہت مضبوط تھا، آرمی چیف جنرل باجوہ کو توسیع دینے کے حق میں ووٹ دیکر ہم نے یہ نعرہ دفن کر دیا، چیف آرگنائزر ن لیگ
لاہور (صحافی ۔ پی کے نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ انہیں مستقبل قریب میں مریم نواز وزیراعظم بنتی نظر نہیں آ رہیں۔ داتا دربار پر نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کھل کر پارٹی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی اور عمران خان کے خلاف ذاتیات پر مبنی بیانات دینے پر شرمندگی کا اظہار کیا۔ راجا ریاض سمیت پی ٹی آئی کے منحرف پارلیمنٹیرینز کے ن لیگ سے ہاتھ ملانے سے متعلق سوال کے جواب میں کیپٹن صفدر نے کہا کہ حالات کیسے ہی ہوں، جیل یا نیب کا سامنا ہو، وفاداری تبدیل نہیں کرنی چاہیے، یہ کیا بات ہوئی کہ عمران خان کے ٹکٹ پر جیت کر ہمارے پاس آجاؤ، میں اس کے خلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ پہلے بہت مضبوط تھا، مگر ہم نے ووٹ کو اس دن بے عزت کردیا جس دن آرمی چیف جنرل باجوہ کو توسیع دینے کے حق میں ووٹ دیا، اب یہ ووٹ کو عزت دو کا نظریہ نہیں چلے گا، ہم نے اس نعرے کو دفن کردیا۔ کیا اس ناکامی کے ذمہ دار صدر ن لیگ شہباز شریف ہیں؟ اس سوال کے جواب میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ اس میں سوائے پرویز رشید کے ن لیگ کا ہر وہ شخص مجرم ہے جس نے ووٹ دیا، تم سب لالچی ہو۔ میاں نواز شریف نے توسیع کی مخالفت کیوں نہیں کی، اس سوال کے جواب میں کیپٹن صفدر نے کہا کہ نواز شریف کو ورغلایا گیا، ان سے جھوٹ بولا گیا اور فراڈ کیا گیا، وہی لوگ ورغلاتے ہیں جو جاجاکر نواز شریف کے گھٹنے پکڑتے ہیں کہ ووٹ دیں گے تو یہ ہوجائے گا، نواز شریف کو بتانا چاہیے کہ کس نے یہ غلط فیصلہ کروایا تھا۔ انہوں نے شرمندگی کا اظہار کیا کہ عمران خان کی ذاتی زندگی پر حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا، سب میں کمی بیشی ہوتی ہے، ہمارے اندر بھی لوگ ہیں جو تنظیم سازی میں پھنس گئے، کچھ ننگے پکڑے گئے، گند ہر طرف ہے، سیاست کا مقابلہ سیاست سے کرنا چاہیے۔ اپنی اہلیہ کے وزیراعظم بننے سے متعلق سوال کے جواب میں کیپٹن صفدر نے کہا کہ مستقبل قریب میں تو مجھے نظر نہیں آتیں کیونکہ حالات ایسے ہیں، 2025 میں الیکشن ہوگا جس کے بعد شہباز شریف کو اگلے 5 سال ملے تو ملک جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی سرزنش کردی۔ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کے حالیہ انٹرویو کے معاملے پر پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سرزنش کرتے ہوئے اُنہیں پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق مریم نواز نے ہدایت کی کہ کیپٹن (ر) صفدر سمیت کوئی بھی رہنما آئندہ پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان نہ دے۔ ہر پارٹی رہنما کوئی بھی بیان دیتے ہوئے پارٹی پالیسی کو لازمی مد نظر رکھے۔مریم نواز نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر چلے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کپیٹن (ر) صفدر کو اس سے پہلے بھی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان دینے پر شوکاز نوٹس جاری ہو چکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز بطور چیف آرگنائزز پارٹی پالیسی کا باقاعدہ ہدایت نامہ بھی جلد جاری کریں گی۔
Leave feedback about this