امجد اسلام امجد انتقال کر گیے

لاہور(صحافی ۔ پی کے نیوز)اردو ادب کا بڑا نام معروف شاعر، ڈرامہ نگار اور ادیب امجد اسلام امجد78برس کی عمر میں دل کادورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔انہیں گزشتہ روز سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔مرحوم کی نماز جنازہ میں علم و فن اور ثقافت کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔و ہ5 فروری کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے تھے۔ایک روز قبل وہ علیل ہوئے اور جمعہ کے روز صبح دل کادورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔امجد اسلام امجد نے 4 اگست 1944 ء میں سیالکوٹ میں آنکھ کھولی۔انہوں نے گریجویشن گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز لاہور سے کیا۔ 1967 ء میں پنجاب یونیورسٹی سے فرسٹ ڈویژن میں ایم اے اردو پاس کیا۔امجد اسلام امجد نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1968میں لیکچرر کی حیثیت سے کیااور 1968 ء سے لیکر 1975 ء تک ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اردو میں درس و تدریس سے منسلک رہے۔اگست 1975 میں وہ پنجاب آرٹ کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر ہو گئے۔انہوں نے اردو سائنس بورڈ اور چلڈرن لائبریری کمپلیکس سمیت متعدد سرکاری اداروں میں سرکردہ عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ہیں۔مجد اسلام امجد کو 1975 ء میں ٹی وی ڈرامہ” خواب جاگتے ہیں” پرگریجویٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ امجد اسلام امجد کے مشہور ڈراموں میں” وارث ، دن، فشار، دہلیز اور ساتواں در ”سمیت متعدد دیگر نام شامل ہیں۔ امجد اسلا امجد نے جہاں کئی کامیاب ڈرامہ سیلریل تحریر کیے وہیں پر انہوں نے نظم و نثر میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ ان کی 40 سے زیادہ کتابیں زیورِ طبع سے آراستہ ہو چکی ہیں۔ایک شعری مجموعہ” برزخ” اور جدید عربی نظموں کے تراجم” عکس” کے نام سے شائع ہوچکے ہیں جبکہ افریقی شعرا کی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی ”روشن نظمیں ”کے نام سے شائع ہوا۔ اس کے علاوہ تنقیدی مضامین کی ایک کتاب” تاثرات ”بھی ان کی تصنیف کردہ ہے۔امجد اسلام امجد کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بے شمار ملکی اور غیر ملکی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ 80 کی دہائی میں انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ پی ٹی ایوارڈ اور نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔علم و ادب اور فن و ثقافت کے علاوہ سماجی ،سیاسی اور حکومتی شخصیات نے مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے اور انکی فنی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیاہے۔

Leave feedback about this

  • Rating