عمران خان کے پاس کوئی معاشی منصوبہ نہیں، ان کا ایجنڈا جلاؤ،گھیراؤ ہے ، مریم نواز

جیل بھرو تحریک میں پہلے فرح گوگی کو گرفتار کیا جائے، مریم نواز
عمران ملک آئی ایم ایف کے حوالے کر کے خود زمان پارک میں بیٹھ گیا
ایبٹ آباد (صحافی ۔ پی کے نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے خود زمان پارک کے بنکر میں بیٹھ گیا،جلسہ کرنے راولپنڈی چلا جاتا ہے اور عدالت طلب کرے تو پلاسٹر لگا لیتا ہے،عمران اور ا س کے حواریوں کو دیوار پر لکھا انجام صاف نظر آ رہا ہے،جیل بھرو تحریک میں پہلے فرح گوگی کو گرفتار کیا جائے، پشاور دھماکے کے قصوروار وہ ہیں جو 10 سال حکومت کرتے رہے، خیبر پختون خوا کو وسائل کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے، ہر قابل ذکر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہوا ہے،میری آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبر پختونخوا میں کوئی منصوبہ نظر نہیں آیا ۔ ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان پر طنزیہ وار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر نے کہا کہ میں اس شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی،عمران خان اور اسکے حوایوں کو دیوار پر لکھا انجام صاف نظر آ رہا ہے،تمہیں پلاسٹر نہیں جرائم عدالت جانے سے روکتے ہیں،آپ کا دامن صاف ہے تو وہیل چیئر پر عدالت چلے جانا چاہیے۔اب آپ کے سہولت کار نہیں جو آپ کو بچائیں گے،آج عمران خان کو مہنگائی یاد آرہی ہے،آج کس مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں حالانکہ یہ مہنگائی ان کی وجہ سے ہے۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کل ٹی وی پر کہہ رہے تھے نواز شریف کے ناانصافی ہوئی،نواز شریف کو جنہوں نے نکالا اس گروہ کا سرغنہ آپ کی جماعت کا سربراہ ہے۔کون کون اس سازش میں شامل تھا،قوم کو بتانا پڑے گا،صرف اعتراف جرم کافی نہیں اپنے لیے سزا بھی تجویز کریں۔

Leave feedback about this

  • Rating