قدرت کا معجزہ ، شام میں 40 گھنٹوں بعد ملبے سےخاندان زندہ نکال لیا

قدرت کا معجزہ ، شام میں 40 گھنٹوں بعد ملبے سےخاندان زندہ نکال لیا
دمشق (صحافی ۔ پی کے نیوز) شام اور ترکیہ میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن کئی کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود ملبے تلے دبے خاندانوں کے زندہ نکالے جانے کے معجزاتی مناظر بھی حیران کن ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی شہر ادلیب کے گاؤں بسنیا میں زلزلے کے نتیجے میں جہاں کئی عمارتیں زمین بوس ہوئیں وہیں ایک پورا خاندان بھی ملبے تلے دب گیا جسے کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد ریسکیو اہلکار زندہ نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔شام کے سول ڈیفنس گروپ وائٹ ہیلمٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس خاندان کے افراد کے زندہ نکالے جانے کے مناظر کو حقیقی معجزہ قرار دیتے ہوئے شیئر کیا گیا ہے۔شیئر کی جانے والی ویڈیو میں اہلکاروں کو مشینوں کے ذریعے ملبے کو ہٹانے اور پھر پورے خاندان کے افراد کو معجزاتی طور پر زندہ نکالتے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں ملبے تلے افراد کو نکالتے وقت لوگوں کا جم غفیر بھی معجزہ دیکھنے کیلئے موجود تھا جنہوں نے کئی گھنٹوں بعد بھی ملبے میں دبے افراد کو زندہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور اللہ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔

Leave feedback about this

  • Rating