شیخ رشید ایک روز کیلیے مری پولیس کے حوالے

شیخ رشید ایک روز کیلیے مری پولیس کے حوالے
سابق وفاقی وزیر نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی،کل سماعت ہو گی
اسلام آباد(صحافی ۔ پی کے نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ایک روز کے لیے مری پولیس کے حوالے کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ رفعت محمود کے روبرو مری پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کے راہداری ریمانڈ کی سماعت ہوئی، جس میں عدالتی حکم پر شیخ رشید کی کمرہ عدالت میں ہتھکڑی کھول دی گئی۔دوران سماعت پراسیکیوٹر عدنان نے پولیس کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل مری مقدمہ میں شیخ رشید کو کبھی عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ اس عدالت کے سامنے صرف راہداری ریمانڈ والا معاملہ ہے ۔ ہمیں راہداری ریمانڈ چاہیے ۔دوران سماعت شیخ رشید کی جانب سے وکیل نے اپنے دلائل پیش کیے، جس پر عدالت نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کے لیے مری پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مری پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا منظور کرلی اور شیخ رشید احمد کو ایک روز کے لیے مری پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ آج 2 بجے تک شیخ رشید کو مری کی متعلقہ عدالت میں پیش کردیا جائے۔سابق صدرآصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق بیان دینے کے معاملے پرشیخ رشید کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست کر دی،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر آ ج جمعرات کو سماعت کریں گے ۔ تفصیل کے مطابق شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس کی معاونت سے پراسیکیوشن نے شیخ رشید پر جھوٹے الزامات لگائے،ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس معطل ہونے کے باوجود شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا،شیخ رشید پر ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات عام شہری کی درخواست پر نہیں لگ سکتی۔شیخ رشید کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔شیخ رشید کے خلاف پولیس نے اختیارات کا غلط استعمال کیاگیا،شیخ رشید اڈیالہ جیل میں قید ہیں مزید تفتیش کی ضرورت نہیں،عدالت شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرے اور رہائی کا حکم دے۔

Leave feedback about this

  • Rating