انٹرنیشنل جیپ ریلی کے شرکاء اورشائقین کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، محسن نقوی
قلعہ داڑور او ردل وش سٹیڈیم میں شائقین کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے،سگنل یقینی بنانے کے لئے فون کمپنیوں کے موبائل ٹاورز کااہتمام
18ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی میں پہلی مرتبہ 5کیٹگریز متعارف کرائی گئی ،جیپ ریلی کے دوران چولستان میں تقریباً 5لاکھ افراد کی آمد متوقع
لاہور (صحافی ۔ پی کے نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 18ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل جیپ ریلی کے شرکاء اورشائقین کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔جیپ ریلی کے ایونٹ کے دوران مقامی ہوٹلوں میں اوور چارجنگ کا تدارک کیاجائے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی جیپ ریلی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ نگران وزیراعلیٰ نے جیپ ریلی کے بارے میں قومی اورعالمی سطح پر تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ قلعہ داڑور او ردل وش سٹیڈیم میں شائقین کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔چولستان میں سگنل یقینی بنانے کے لئے فون کمپنیوں کے موبائل ٹاورز کااہتمام کیاگیاہے۔ قلعہ داڑور میں کیمپنگ شائقین کے لئے فوڈ سٹریٹ، میوزیکل نائٹ،آتش بازی، اونٹ ڈانس، نیزہ بازی اوردیگر ایونٹ ہوں گے۔ اجلاس میں کمشنر بہاولپورنے18ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی کے انعقاد کے بارے میں بریفنگ دی۔18ویں انٹرنیشنل چولستان جیپ ریلی میں پہلی مرتبہ 5کیٹگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔جیپ ریلی کے دوران چولستان میں تقریباً 5لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ چولستان میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے متبادل روٹ اور سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کی گئی ہے۔

Leave feedback about this