انتخابات کی تاریخ :گورنر پنجاب سات دن میں جواب جمع کرائیں،عدالت

انتخابات کی تاریخ :گورنر پنجاب سات دن میں جواب جمع کرائیں،عدالت
یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے، الیکشن ہونے ہیں لیکن کوئی سنجیدہ ہی نہیں لے رہا، لاہور ہائیکورٹ
لاہور ( صحافی ۔ پی کے نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لئے دائر درخواست پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو سات روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔جسٹس جواد حسن نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل علی ظفر ، اظہر صدیق پیش ہوئے جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہا یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے، الیکشن ہونے ہیں لیکن کوئی سنجیدہ ہی نہیں لے رہا، عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں الیکشن کب کروائیں گے، الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں، گورنر نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دیا ہے، گورنر نے لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے پنجاب حکومت کے سرکاری وکیل نے مو¿قف اختیار کیا کہ مجھے آج ہی کیس کی فائل ملی ہے، گورنر پنجاب نے الیکشن کمیشن، پارلیمانی لیڈر اور سپیکر کے خط کا جواب دے دیا ہے، پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ گورنر کی جانب سے الیکشن کی تاریخ نہیں آئی سرکاری وکیل نے کہا اسمبلی تحلیل کے 90 روز ہونے میں بہت دن ہیں کوئی یہ نہیں کہہ رہا کہ الیکشن نہیں ہوں گے گورنر کے وکیل نے جواب جمع کرانے کی مہلت مانگ لی، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے، یہ پاکستان کا معاملہ ہے ، گورنر کے وکیل نے کہا کم ازکم سات روز کا وقت درکار ہے،اسد عمر نے سات روز کا وقت دینے کی مخالفت کردی انہوں نے کہا سات روز کا وقت دینے کا مطلب ہے اسمبلی تحلیل کو 22روز ہوچکے ہونگے جسٹس جواد حسن نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہ آپ عدالت آگئے ہیں تو بے فکر ہو جائیں چار پانچ روز سے کچھ نہیں ہوتا ، عدالت نے کہا گورنر پنجاب کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی9 فروری تک مہلت دے دی، عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل فریقین کو تفصیلی جواب عدالت میں جمع کر وانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔

Leave feedback about this

  • Rating