خودکش دھماکا: وزیراعظم اور آرمی چیف پشاور پہنچ گئے، ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کالیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ ، زخمیوں کی عیادت ،صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں،وزیر اعظم کی رانا ثنا اللہ کو ہدایت
امن وامان کوخراب نہیں ہونے دینگے ، پوری ریاستی طاقت سے دہشت گردوں کو کیفردار کردار تک پہنچایا جائیگا ، مشکل اور غم کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں ،صدرعارف علوی،وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد، پشاور(صحافی ۔ پی کے نیوز)پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکےکے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر حالات کا جائزہ لینے پشاور پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےلیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔علاوہ ازیں صدر ،وزیراعظم نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے،ملک میں امن وامان کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دینگے ، پوری طاقت سے دہشت گردوں کو کیفردار کردار تک پہنچایا جائیگا،شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ۔صدر مملکت عارف علوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک میں قیام امن کے لئے پاک فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جسے کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ،دہشت گردوں کو کچلنے کے لئے پوری قوت سے اقدامات اٹھائے جائیں گے،صدر مملکت نے پشاور کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ مشکل اور غم کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں ،صدر مملک نے خیبر پختونخواہ حکومت کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ہے ،بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن وامان کو خراب کرنے والے دہشت گردوں کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا ئیگا ،پوری ریاستی قوت کے ساتھ ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ،وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے ،اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں،پوری قوم اپنے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے،شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے،وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا ،وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں،وزیراعظم کی شہداءکے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔

Leave feedback about this