وزیر اعلیٰ کا پولیس شہدا ء کے بچوں کی بھرتی کے طریقہ کا ر کو آسان بنانے کا حکم
محکمانہ بھرتی کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا بھی فیصلہ،زیر التواء مالی کیسو ں کو بھی جلد نمٹانے کی ہدایت
آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، آپریشنز اور آئی ٹی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی
لاہور(صحافی ۔پی کے نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی عوام کیلئے قربانیاں دینے والے پولیس شہداء کے بچوں کی آواز بن گئے۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس شہداء کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کے طریقہ کار کو آسان بنا نے کا حکم دیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر اوپن میرٹ پر آنے والے پولیس شہداء کے بچوں کو محکمانہ بھرتی کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس شہداء کے بچوں کو محکمانہ بھرتی کیلئے رولز کو مزید آسان کیا جائے گا اور متعلقہ ضلع میں سیٹ دستیاب نہ ہونے پر شہداء کے بچوں کو کسی اور ضلع میں بھرتی کیا جاسکے گا۔ فرض کی راہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذور ہو جانے والے بہادر غازیوں کے امدادی پیکیج میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، آپریشنز اور آئی ٹی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی 7 روز میں اپنی سفارشات تیار کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر شہداء کی لازوال قربانیوں کے شایان شان عزت و احترام ان کے خاندان کا حق ہے۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے زیر التواء مالی امداد کے کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کو مالی امداد کی بلا تاخیر ادائیگی کے لیے فنڈز کا فی الفور انتظام کیا جائے گا۔شہداء کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور شہداء کے بچوں کے متعلقہ اضلاع کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے پالیسی وضع کی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ نے شہداء کے بچوں کیلئے بہترین میڈیکل، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنسز سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں داخلوں کا انتظام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انوراور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے ملاقات کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے شہداء کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کو آسان بنانے کے حوالے سے بریف کیا۔
Leave feedback about this