عمران خان جو بھی فیصلہ کریں ہم اُن کے ساتھ کھڑے ہیں، حبہ چوہدری

عمران خان جو بھی فیصلہ کریں ہم اُن کے ساتھ کھڑے ہیں، حبہ چوہدری
اسلام آباد(صحافی ۔ پی کے نیوز)فواد چوہدری کی اہلیہ حبہ چوہدری کا کہنا ہے کہ انہیں فیملی سے ملنے نہیں دیا گیا، شہباز گل والی تاریخ دہرائی جارہی ہے مگر عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے ہم اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔فواد چوہدری کی عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو میں حبہ چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری کو ایسے عدالت لایا گیا جیسے کسی دہشت گرد کو لایا جاتا ہے۔ عدالت نے بخشی خانے میں فیملی سے ملوانے کو کہا لیکن مجھ سے اوردونوں بچیوں سے ملنے نہیں دیا گیا۔حبہ چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں نہیں پتا کہ فواد چوہدری کو کہاں لے کر گئے ہیں۔ چیف جسٹس اور وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست ہے کہ ہمیں ان سے ملوایا جائے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو دہشتگرد بنا کر لایا جاتا ہے اسکو روکا جائے، سٹیٹ کیطرف سے میرے گھر کے سرچ وارنٹ مانگا جارہا ہے، میری دو چھوٹی بچیاں ہیں آپکو کس چیز کا ڈر ہے، یہ فواد چوہدری کو موبائل سم بند نہیں کرنے دے رہے، گھر میں دو بچیاں ہیں اور یہ سرچ وارنٹ مانگ رہے ہیں، یہ شہباز گل والی تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پولیس پر یقین نہیں ہے، پہلے انہوں نے گھر سے اغوا کیا لیکن انکارویہ آپ کے سامنے ہے، چیف جسٹس صاحب مہربانی کرکے اس کیس پر ازخود نوٹس لیں، میرا دفاع کون کریگا، یہ پھر ریمانڈ مانگ رہے ہیں یہ کیا ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سےدرخواست ہے کہ مجھے اڈیالہ میں فواد چوہدری سے ملنے دیا جائے، چیئرمین عمران خان اس پر جو فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Leave feedback about this

  • Rating