کرنسی کیپ ہٹنے سے ڈالر بے لگام، 262 کا ہو گیا ، روپیہ کمزور،پاکستان کی ترقی اللہ کے ذمے ، اسحاق ڈار

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 265 وپے میں ٹریڈ ہورہا ہے،ڈالر کا حقیقی ریٹ 285سے 290روپے ہے،ذرائع
ملک گزشتہ 5سال کی کوتاہی بھگت رہا ہے ، کوشش ہے کہ حالات بہتر کرسکیں،وزیر خزانہ کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (صحافی ۔ پی کے نیوز) انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے اور روپے کے مقابلے کی ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ جمعہ کے روز بھی انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں ایک روپے 57 پیسے اضافہ ہوا جس سے ڈالر 257 روپے کا ہوگیا۔کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ایک امریکی ڈالر مجموعی طور پر 6 روپے 67 پیسے مہنگا ہوکر 262 روپے تک جا پہنچا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر8 روپے مہنگا ہوکر 265 وپے میں ٹریڈ ہورہا ہے۔پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی ۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق روپے اور ڈالر کی قیمت میں توازن لانے کیلئے کرنسی کیپ ہٹا یا گیا ہے ،کرنسی کیپ ہٹنے سے ڈالر بے لگام جبکہ روپیہ گراوٹ کا شکارہوا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھاکہڈالر کا حقیقی ریٹ 285سے 290روپے ہے، ڈالر کے ایکسچینج ریٹ بہتر ہونے سے ڈالر کی دستیابی کے مسائل ختم ہونگے، ڈالر کا ریٹ بہتر ہوتے ہی سٹاک ایکسچینج میں بھی بہتری آرہی ہے، ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ 29جنوری کو آئی ایم ایف کا وفد بھی پاکستان کا دورہ کریگاپاکستان اور آئی ایم ایف کا سٹاف لیول معاہدہ بھی رواں ماہ ہو جائیگا۔ دوسری جانب فاریکس ڈیلر کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے ڈالر اپنی حقیقی قیمت پر آجائے گا جس سے مسائل ختم ہو جائیں گے، ڈالر اسٹیٹ بینک کی پالیسی کے مطابق فروخت کیا جارہا ہے۔علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک گزشتہ 5سال کی کوتاہی بھگت رہا ہے ، کوشش ہے کہ حالات بہتر کرسکیں،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے، گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہی وہ ملک تھا جس کے بارے میں 2013 میں کہا گیا یہ مالی طور پر مستحکم نہیں اور جو بھی حکومت آئے گی وہ ڈیفالٹ کا اعلان کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قوم کی بدقسمتی ہے آج ہم 5 سال بعد کہاں کھڑے ہیں ؟ ملکی معیشت کے ساتھ جو کیا گیا اس کا احتساب ہونا چاہیے اور تحقیقات ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو بے پناہ چیلنجز ملے ہیں مگر وہ بہادر ہیں اور لڑ رہے ہیں۔ہمارے دورمیں مہنگائی کی شرح کم تھی، ہم 2016میں دنیا کی 24ویں بہترین معیشت بن چکے تھے لیکن پاکستان کی معیشت دنیا میں 47ویں نمبر پر آگئی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آج پاکستان ڈان اور پانامہ ڈرامے کو بھگت رہا ہے تاہم ہماری پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے اور ہم آئندہ عام انتخابات میں جانے سے پہلے ملک میں بہتری لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم معاشی دلدل سے نکلیں گے اور پاکستان ترقی کرے گا۔ ریلوے کی ترقی سے ملکی ترقی ہوتی ہے اور بہترین ریلوے بہترین آمدنی کا ذریعہ ہوتی ہے ۔ گرین لائن کا خاتمہ ہوچکا تھا ، وزیر ریلوے نے دوبارہ اس کا آغاز کیا ، ریلوے کا محکمہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔ ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہ کرنے والوں کا محاسبہ انتہائی ضروری ہے۔اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں رہنے کے لیے قائم کیا ہے ، یہ واحد ملک ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا اگر اللہ نے پاکستان بنایا ہے تو اس کی حفاظت ، ترقی اور خوشحالی بھی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے ، بطور قوم ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی۔

Leave feedback about this

  • Rating