شجاعت ق لیگ سے فارغ، وجاہت مرکزی صدر،پرویز الٰہی پنجاب کے صدر منتخب

شجاعت ق لیگ سے فارغ، وجاہت مرکزی صدر،پرویز الٰہی پنجاب کے صدر منتخب
تنظیم سازی کا فیصلہ ابھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے، سالک حسین نے مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں ہونے والے اجلاس کو جعلی قراردے دیا
پرویز الٰہی نے صوبائی اور قومی اسمبلی اسمبیوں سے نکلنے کے فیصلوں پر عمران خان کو کھر ی کھری سنادیں،ملاقات کی اندرونی کہانی
اسلام آباد (صحافی ۔ پی کے نیوز) چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ (ق)کی صدارت سے ہٹا دیاگیا جبکہ چودھری وجاہت حسین کو پارٹی کا مرکزی صدر منتخب کرلیاگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی جنرل کونسل کا مسلم لیگ ہاؤس میں اجلاس ہوا،جس میں پنجاب، کے پی، بلوچستان، سندھ کے پارٹی عہدیدار اور رہنما شریک ہوئے ، چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ (ق)کی صدارت سے فارغ ہو گئے،چودھری وجاہت حسین کو پارٹی کا مرکزی صدر منتخب کرلیاگیا۔چودھری پرویز الٰہی مسلم لیگ (ق)پنجاب کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے ،کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیاگیا،طارق بشیر چیمہ بھی پارٹی عہدے سے فارغ ہو گئے،سابق ایم پی اے مسلم لیگ (ق)باؤ رضوان پنجاب کے جنرل سیکرٹری مقرر کر دیئے گئے۔علاوہ ازیںدو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے نکلنے کے فیصلوں پر سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی نے عمران خان کو کھری کھری سنا دیں اور ساتھ ہی خدشہ ظاہر کردیا کہ اب انھیں اور عمران خان کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے جبکہ عمران خان نے کارکنوں کے بڑی تعداد میں احتجاج کیلئے باہر نہ نکلنے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، چوہدری پرویز الہی کے عمران خان سے گلے شکوے، پرویز الٰہی نے کہا کہ آپ سے درخواست کی تھی کہ اسمبلیاں تحلیل نہ کریں، حکومت ہمارے خلاف کاروائیاں کرے گی، صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد آپ سے قومی اسمبلی میں موجود رہنے کی گزارش بھی کی تھی، ہم نے اسمبلیاں تحلیل اور قومی اسمبلی سے نکل کر اپنے پاوں پر کلہاڑی ماری ہے، اب یہ فواد چوہدری کے بعد مجھے اور آپ کو بھی گرفتار کریں گے، میں شریفوں کو اچھی طرح جانتا ہوں، فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد ان کا ایجنڈا واضح ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے نکلنے کا مقصد حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر دبائو بڑھانا تھا، مجھے امید تھی کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد دبائو بڑھانے میں پی ٹی آئی کارکن بھی بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے، ہم لوگوں کو اچھی طرح قائل نہ کر سکے جس کی وجہ سے موثر احتجاج نہ ہو سکا، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے آپ ہمارے ساتھ کھڑے رہیں، مجھے گرفتار کیا گیا تو صرف پاکستان نہیں پوری دنیا سے ردعمل آئے گا، گرفتاری کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں لیکن مجھے امید نہیں کہ یہ گرفتار کریں۔مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کی صدارت سے ہٹا دیا گیا،جبکہ چوہدری سالک حسین نے مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں ہونے والے اجلاس کو جعلی قراردے دیا،وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں ہونے والا اجلاس ایک جعلی اجلاس تھا۔اپنے رد عمل میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ چوہدری شجاعت کو مسلم لیگ ق کی صدارت سے نہیں ہٹا سکتے۔نہ ان کو یہ آئینی قانونی اور اخلاقی لحاظ سے انہیں ہٹانے کااختیار ہے،انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی سے متعلق تنظیم سازی کا فیصلہ ابھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

Leave feedback about this

  • Rating