کے پی کے میں اعظم خان نے حلف اٹھا لیا,پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کا اعلان آج ہو گا

احمد نواز سکھیرا ،نوید اکرم چیمہ ،احد چیمہ اور محسن نقوی کے ناموں پر غور کے بعد حتمی اعلان کیا جائیگا،چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس طلب کرلیا
موصول شدہ چاروں ناموں کے پروفائل تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا،تفصیلی پروفائل میں چاروں کی قابلیت اور اپنے شعبہ میں کارکردگی شامل ہوگی،سیکرٹری الیکشن کمیشن پروفائل اجلاس میں پیش کرینگے، ذرائع
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محمداعظم خان سے بطور نگران وزیراعلی ان کے عہدے کا حلف لیا، پرامن انتخابات اولین ترجیح ہے،الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم بھرپور تعاون فراہم کریں گے،نگران وزیراعلیٰ کی گفتگو
اسلام آباد، پشاور(صحافی ۔ پی کے نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان پنجاب کی جانب سے نگراں وزیرِ اعلیٰ کا اعلان (کل) اتوار کو کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ کے تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے 2، 2 نام الیکشن کمیشن کے پاس پہنچ گئے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے اتوار 22جنوری (اتوار)کی شام 7 بجے اجلاس طلب کر لیاہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران شریک ہوں گے۔ اجلاس میں نگراں وزیرِ اعلیٰ کے ناموں پر غور کیا جائے گا،الیکشن کمیشن نام فائنل کر کے گورنر کو بھجوائے گا،ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن حکام نے موصول شدہ ناموں پر ورکنگ کا آغاز کر دیا،موصول شدہ چاروں ناموں کے پروفائل تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا،تفصیلی پروفائل میں چاروں کی قابلیت اور اپنے شعبہ میں کارکردگی شامل ہوگی،سیکرٹری الیکشن کمیشن پروفائل اجلاس میں پیش کرینگے، ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی مقرر کرنے کی سپیکر پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہے ،وزیر اعلی کے لیے چار نام احمد نواز سکھیرا ،نوید اکرم چیمہ ،احد چیمہ اور محسن نقوی شامل ہیں ،ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی نے نگراں وزیر اعلی کے نام آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت الیکشن کمیشن کو بھیجے ہیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس نگران وزیراعلی کے تقرر کے لیے کل رات ساڑھے 10 بجے کا وقت ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی محمداعظم خان نے گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدے کاحلف لے لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے محمداعظم خان سے بطور نگران وزیراعلی اُن کے عہدے کاحلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمدغنی، سابق گورنر اقبال ظفرجھگڑا، جمعیت علماء اسلام کے رہنما اکرم خان درانی، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان، غلام احمد بلور، وفاقی وزیربرائے مذہبی امورمفتی عبدالشکور، انجینئرامیرمقام، نگہت اورکزئی، اراکین قومی اسمبلی سمیت دیگرسیاسی وسماجی شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیرعلی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹرشہزاد بنگش،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، کمشنرپشاور ریاض محسود سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے بھی شرکت کی۔ گورنرحاجی غلام علی نے نگران وزیراعلی محمداعظم خان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ رات سابق وزیراعلی محمودخان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے متفقہ طور پر محمداعظم خان کانام نگران وزیراعلی کیلئے تحریری طور پر گورنرخیبرپختونخوا کو ارسال کیاتھاجس کے بعدگورنر حاجی غلام علی نے ہفتہ کے روزعلی الصبح محمداعظم خان کی بحیثیت نگران وزیراعلی تعیناتی پردستخط کردیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان نے کہاکہ پرامن انتخابات اولین ترجیح ہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔اعظم خان کا کہنا ہے کہ نگران وزیر داخلہ رہ چکا ہوں، انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مکمل سپورٹ کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ہے، مہنگائی کا مسئلہ ہے، اسیکم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش کروں گا۔

Leave feedback about this

  • Rating