پنجاب اسمبلی کے انتخابات 12 اپریل کو کرانے کی تجویز،گورنر کل وزیر اعظم سے ملاقات کرینگے
گورنر پنجاب وزیر اعظم سے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حوالے سے مشاورت کرینگے،گورنر کی آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل
قانونی پہلو کو دیکھنا میرے فریضے میں شامل ہے،آئینی اور قانونی تمام پہلووں کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے،نگران سیٹ اپ اور آئندہ الیکشن کی تاریخ بھی دینی ہے،الیکشن کی تاریخ دینا بھی ایک ذمہ داری ہے، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان
الیکشن کی تاریخ زیادہ سے زیادہ 90 دن کی ہو سکتی ہے، 90 دن کے بعد رمضان کا مبارک مہینہ ہو گا جس میں عوام کے معمولات مختلف ہوتے ہیں،سب پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کروں گا جوملک و قوم کے مفاد میں ہو، میڈیا سے گفتگو
لاہور (خبرنگار خصوصی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 12 اپریل کو کرانے کی تجویز پیش کر دی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کل وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل ہو گئی،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات 12 اپریل کو کرانے کی تجویز پیش کر دی۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے گزشتہ رات پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو ارسال کی تھی۔گورنر پنجاب محمد بلغ الرحمن نے ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کی نمائندہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی ایڈوائس مجھ تک پہنچی ہے، جمہوری فرد کے لیے ایوان کو توڑنا مشکل کام ہے، لیکن آئین میں اسمبلی تحلیل کرنے کی شق موجود ہے،اس کے قانونی پہلو کو دیکھنا میرے فریضے میں شامل ہے،ان کا کہنا تھا کہ آئینی اور قانونی تمام پہلووں کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے،نگران سیٹ اپ اور آئندہ الیکشن کی تاریخ بھی دینی ہے،الیکشن کی تاریخ دینا بھی ایک ذمہ داری ہے جو زیادہ سے زیادہ 90 دن کی ہو سکتی ہو،ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات کو بھی مدنظر رکھنا ہے کہ 90 دن کے بعد رمضان کا مبارک مہینہ ہو گا جس میں عوام الناس کے معمولات مختلف ہوتے ہیں،ن سب پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کروں گا جو آئینی،قانونی اور ملک و قوم کے مفاد میں ہو۔

Leave feedback about this