تحریک انصاف وفد کی پرویز اشرف سے ملاقات:سپیکر کاارکان کے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار
شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے ملاقات سے معذرت کر لی ، استعفوں کی تصدیق پر آئین اورقواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ ہو گا، راجا پرویز اشرف کاپی ٹی آئی وفد کو دو ٹوک پیغام
سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے، سیاستدانوں میں رابطے رہنے چاہئیں، استعفوں کی تصدیق پر آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ ہو گا، تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا
پی ٹی آئی کے وفد کو پارلیمان میں واپسی کی دعوت دی ہے،پی ٹی آئی کی جانب سے 127ارکان کے استعفے ایک ساتھ منظور کرنے پر اصرار کیا گیاایسا ممکن نہیں ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (صحافی ۔ پی کے نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے ملاقات سے معذرت کرلی ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں قومی اسمبلی کی نشستوں سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے، سیاستدانوں میں رابطے رہنے چاہئیں۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا استعفوں کی تصدیق پر آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ ہو گا، استعفوں کے لیے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے لیے مدعو کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کے کراچی سے رکن اسمبلی نے استعفیٰ منظوری روکنے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات نہیں کرنا چاہتے تھے جبکہ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے پارٹی قیادت کو وفد کے ساتھ پیش نہ ہونے کا پیغام آخری وقت میں بھجوایا۔واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی پارلیمنٹ میں واپسی کا عندیہ بھی دے چکے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ پرویز خٹک استعفوں کے بجائے مستقبل میں انتخابات پر بات کے لیے وفد کا حصہ ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے وفد کو پارلیمان میں واپسی کی دعوت دی ہے، وفدکے سامنے مو قف دہرایا کہ ہر رکن کو ہاتھ سے استعفیٰ لکھ کر اکیلے آنا ہو گا ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملاقات کے لیے آئے پی ٹی آئی کے وفد کو پارلیمان میں واپسی کی دعوت دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 127ارکان کے استعفے ایک ساتھ منظور کرنے پر اصرار کیا گیا۔اسپیکر نے بتایا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے وفد کے سامنے مو قف دہرایا کہ ہر رکن کو ہاتھ سے استعفیٰ لکھ کر اکیلے آنا ہو گا، اس اطمینان کے بعد کہ استعفے دینے والے پر کوئی دباو نہیں، پھر استعفیٰ قبول کریں گے۔انہوں نے کہ پی ٹی آئی کے وفد سے بہت اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، میں نے کہا کہ کچھ قواعد و ضوابط اور حدود ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں نے وفد کو بتایا کہ آرٹیکل 64 میں لکھا ہے کہ استعفیٰ ہاتھ سے لکھا ہو جبکہ اسپیکر استعفے کی تصدیق رکن کو ذاتی حیثیت میں بلا کر کرے گا، اسپیکرکی ذمے داری ہے کہ یہ دیکھے کہ کہیں رکن پر دباو تو نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان عدالت میں بھی گئے کہ ہم نے استعفیٰ نہیں دیا، کچھ ارکان نے چھٹی کی درخواست بھی بھیجی، پارٹی کی اگر کوئی سیاسی پوزیشن ہے تو وہ الگ بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے، بطور اسپیکر میں سب کے لیے سانجھا ہوں، سیاست ملکی مفادات سے بالاتر نہیں رکھنی چاہیے بلکہ سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے خواہش اور توقع ہے کہ تمام جماعتیں حالات دیکھتے ہوئے مفاہمت کو سامنے رکھیں گی۔#/s#
Leave feedback about this