نیا توانائی بچت پلان، شادی ہالز رات 10 ، مارکیٹیں، ہوٹلز 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

نیا توانائی بچت پلان، شادی ہالز رات 10 ، مارکیٹیں، ہوٹلز 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ
کفایت شعاری کی پالیسی دی جارہی ہے ، مختلف ذرائع سے توانائی کی بچت کرکے معیشت کو اربوں کا فائدہ ہوگا
فیصلے سے 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی اور 62 ارب روپے بچائے جاسکیں گے، میڈیا کو بریفنگ
اسلام آباد( صحافی ۔ پی کے نیوز ) وفاقی حکومت نے توانائی بچت قومی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منگل کو وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدار ت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزراء قمر زمان کائرہ اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی دی جارہی ہے، کفایت شعاری کے حوالے سے کمیٹی میں سیکرٹری پاور، وزیردفاع سمیت دیگر وزرا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ مارکیٹیں اور ریسٹورینٹ رات 8 بجے بند کیے جائیں گے، دنیا بھر میں مارکیٹیں شام 6 بجے تک بند ہوتی ہیں لیکن ہمارے ہاں رات 2 بجے تک کھلی ہوتی ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ 20 فیصد سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں گے، مختلف ذرائع سے توانائی کی بچت کرکے معیشت کو اربوں کا فائدہ ہوگا، اس فیصلے سے 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی اور 62 ارب روپے بچائے جاسکیں گے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئندہ دو روز میں توانائی بچت کے حوالے سے صوبوں تجاویز مانگی جائیں گی، توانائی بچت کا یہ قومی پروگرام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ای بائیکس متعارف کرانے جارہے ہیں جس کے لیے الیکٹرک بائیکس کی درآمد شروع ہوچکی ہے، اس کے علاوہ پرانے پنکھے 120 سے 130 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، نئے پنکھے تقریباً 40 سے 60 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، ان پنکھوں کے استعمال سے 15 ارب روپے کی بچت ہوگی، ایل ای ڈی بلبوں کے استعمال سے 23 ارب روپے کی بچت ہوگی، گھروں میں پنکھے اور ایئرکنڈیشنڈ کے استعمال میں بچت سے 8 سے 9 ہزارمیگاواٹ بجلی بچائی جاسکتی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کپیسٹی پے منٹس کی مد میں 28 ارب بلین ماہانہ بچت ہوگی، گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں گیزر کیلئے بچت کے آلات فراہم کریں گی، اس سے 92 ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی، متبادل اسٹریٹ لائٹس جلانے سے چار ارب روپے کی بچت ہوگی۔خواجہ آصف نے کہا کہ پہلے مارکیٹیں شام کو بند ہو جاتی تھیں مگر اب نیا رواج چل پڑا ہے اس لیے ہمیں اپنی وعادات کو تبدیل کرنا ہوگا اور ہمیں اگر اپنے وسائل میں رہنا ہے تو اپنے ذرائع کے مطابق رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 7 ماہ سے اس پالیسی پر کام چل رہا تھا مگر اب صوبوں سے مشاورت کریں گے اور انہیں اس بات پر راضی کریں گے کہ قومی ایمرجنسی کے لیے اس پالیسی کو اپنانا ہوگا، وزیر دفاع نے مزید کہا کہ باقی ملکوں میں صدر اور وزیراعظم کے علاوہ کوئی گاڑی پر قومی جھنڈا نہیں لگاتے،یہاں رات کے اندھیرے میں بھی گاڑی سے جھنڈے نہیں اتارتے،توشہ خانے میں بد نیتی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کر دیئے ہیں۔توانائی بچت پالیسی پر جمعرات کو حتمی منظوری دی جائے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنوں واقعہ ہو گیا اور کے پی حکومت زمان پارک میں بیٹھی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کوئی والی وارث نہیں، سارا ایکشن سی ٹی ڈی کے ساتھ فوج نے اپنے ہاتھ میں لے کر آگے بڑھایا، کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے بنوں کی صورتحال پر نقصان پہنچے۔انہوں نے کہا کہ بنوں میں مختلف گروپس کے تقریباً 33 دہشت گرد قید تھے، ایک دہشت گرد نے بیت الخلا جاتے وقت سنتری کے سر پر اینٹ ماری اور اسلحہ چھینا، سنتری شہید ہو گیا۔وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ توانائی بچت سے حکومت کے ساتھ لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا،ہم دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ملک ہے۔ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے،عمران خان روز حکومت اور معیشت پر حملے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت گیس تیل باہر سے منگوا رہے ہیں،دنیا میں کوئی ترقی یافتہ ایسی قوم نہیں جو جلدی سونے یا اٹھنے والی نہ ہو۔ #/s#

Leave feedback about this

  • Rating