سلیمان شہباز ایف آئی اے میں پیش،تحریری جواب جمع کرائیں گے

سلیمان شہباز ایف آئی اے میں پیش،تحریری جواب جمع کرائیں گے
لاہور (خبرنگار) وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے میں پیش ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سلیمان شہباز نے اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی جس کے بعد وہ گزشتہ روز مقدمے میں شامل تفتیش ہو گئے۔ ایف آئی اے نے ابتدائی تفتیش کے بعد سلیمان شہباز کو ایک سوال نامہ دیا جس کا جواب دینے کے لئے انہوں نے کچھ وقت مانگ لیا۔ سلیمان شہباز ایف آئی اے کے سوالوں کا تحریری جواب جمع کرائیں گے۔ ایف آئی اے کے مطابق رمضان شوگر ملز بے نامی اکائونٹس کے حوالے سے درج مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمے میں سلیمان شہباز کی 14 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔ (شعیب عزیز) #/s#

Leave feedback about this

  • Rating