(پاک بھارت وزرا خارجہ کا دوران سفر مصافحہ)
’ثبوت ہیں بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے‘، پاکستان
نیو یارک سفر کے دوران طیارے میں بلاول بھٹو زرداری سے بھارتی ہم منصب کی ملاقات ،خوشگوار ماحول میں بات چیت ،کسی بریک تھرو کا امکان نہیں
اگرآپ پڑوسیوں کےگھر میں آگ لگانےکی کوشش کریں گے تو آگ آپ کےگھربھی آئے گی، عالمی برادری سے بھارت کے احتساب کا مطالبہ
نیویارک ( صحافی ۔ پی کے فارن ڈیسک )نیو یارک سفر کے دوران طیارے میں بلاول بھٹو زرداری سے بھارتی ہم منصب کی ملاقات ،خوشگوار ماحول میں بات چیت ،کسی بریک تھرو کا امکان نہیں۔ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہےکہ بھارت خطے میں دہشتگردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے اور اس کے ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہاکہ آج دنیا اورخطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افسوس ہے کہ آج ایسے معاملے پربات کرنے آئی ہوں، افسوس، دہشتگردی کرانے والا خود کو دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار قرار دیتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ صبح سیکرٹری خارجہ نے غیرملکی سفیروں کوبھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے بارے میں بریفنگ دی، بھارت نے جوہر ٹاؤن لاہور میں دہشتگردی کی، ہم نے تحقیقات مکمل ہونے اور ثبوتوں کا انتظار کیا، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، جوہرٹاؤن دہشتگردی بھارت کا منصوبہ تھا اور اس کو بھارت نے سر انجام دیا، جن کو اس دہشتگردی میں سزا ہوئی وہ صرف فرنٹ مین تھے، اس واقعہ کے اصل کردار بھارتی ریاستی پشت پناہی میں آزاد ہیں، پاکستان اس حوالے سے آواز اٹھاتا رہے گا، بھارت مسلسل بلوچ علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے زیادہ کسی نے دہشتگردی کا فائدہ نہیں اٹھایا اور پاکستان وہ ملک ہے جو دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، اگرآپ پڑوسیوں کےگھر میں آگ لگانےکی کوشش کریں گے تو آگ آپ کےگھربھی آئے گی، بھارت نے عالمی سطح پر انسداد دہشتگردی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ان کے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کا انکشاف ہوا ہے ،یہ ملاقات نیویارک کے سفر کے دوران جہاز میں ہوئی جس میں دونوں نے ایک دوسرے سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سبر امنیم جے شنکر منگل کی صبح نیویارک پہنچے تھے ،خلیجی ائیرلائن کی بزنس کلاس میں اسی پرواز سے بھارتی وزیر خارجہ سبرا منیم جے شنکر بھی نیویارک پہنچے دونوں وزرائے خارجہ کی پندرہ گھنٹے کی پرواز کے دوران ملاقات ہوئی اور بلاول زرداری نے جے شنکر کو دیکھتے ہی ان سے پرجوش مصافحہ کیا ،ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر جو اس ماہ کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ہیں اور پندرہ رکنی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس انہی کی زیر صدارت ہوگا ،نیویارک کے جے ایف کنیڈی ائیر پورٹ پر دونوں وزرائے خارجہ کو سیکورٹی والوں نے ڈپارچر لاؤ نج سے الگ الگ نکالا جبکہ میڈیا اور کمیونٹی کے کچھ نمائندے انکا آمد والے لاؤنج کے باہر انتظار کرتے رہے،بتایا جاتا ہے کہ بھارتی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کی دوران پرواز ملاقات بظاہر خوشگوار ماحول میں ہوئی تاہم اس سے کسی بریک تھرو کا امکان نہیں ہے البتہ دونوں وزرائے خارجہ کی طویل ترین پرواز کے دوران ملاقات کو حسین اتفاق قرار نہیں نہیں دیاجاسکتا ،سبرامنیم جے شنکر اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹرز میں مہاتما گاندھی کے ایک مجسمے کی نقاب کشائی کرینگے ،پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کی G77 کانفرنس میں شرکت کے بعد واشنگٹن روانہ ہوجائینگے جہاں تین روزہ قیام کے دوران امریکی حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔#/s#

Leave feedback about this